ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی ملت روڈ اور ملحقہ علاقوں میں جارحانہ کارروائی

 ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی ملت روڈ اور ملحقہ علاقوں میں جارحانہ کارروائی

فیصل آباد(یوسف بخاری) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیرِ انتظام رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے ملت روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جارحانہ کارروائی کرتے ہوئے تمام عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا، تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے کر عوامی راستوں پر غیرقانونی قبضہ جمانے کے مرتکب 42 دکانداروں، ریڑھی بانوں اور سٹال ہولڈرز کے خلاف چالان مرتب کرکے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے متعلقہ افسران کو تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مؤثر کارروائی کا حکم دیا۔ اس پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیرِ نگرانی  اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں انسپکٹر ثناء اللہ و دیگر عملے پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مین ملت روڈ، اکبر چوک گلستان کالونی، ہجویری ٹاؤن اور دیگر ملحقہ بازاروں و مارکیٹوں میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ متعدد دکانداروں، ریڑھی بانوں اور سٹال ہولڈرز نے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر کاروباری سامان رکھ اور سٹالز لگا کر ٹریفک و شہریوں کی آمدورفت میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رکھی تھیں۔ ایف ڈی اے کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات ہٹا دیں، سامان قبضے میں لے لیا اور عوامی راستوں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا۔ اس کے علاوہ تجاوزات میں ملوث 42 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کے چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی شخص سڑکوں، فٹ پاتھوں یا عوامی گزرگاہوں پر قبضہ کرکے شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا نہ کرے، بصورت دیگر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ، کشادہ اور بلا رکاوٹ عوامی راستے میسر آ سکیں۔

0/Post a Comment/Comments

پلیز کمنٹ باکس میں کسی قسم کا سپیم لنک شیئر نہ کریں